حیدرآباد /16 جنوری (سیاست نیوز) یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کرنے والے سیما۔ آندھرا کے 6 ارکان پارلیمنٹ کو 17 جنوری کو دہلی میں منعقد شدنی اے آئی سی سی کے سیشن میں شرکت کے پاسیس جاری کرنے سے کانگریس پارٹی نے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ سی ڈبلیو سی میں تلنگانہ ریاست کی قرارداد منظور ہونے کے بعد سیما۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے کانگریس ارکان پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راج گوپال، رائے پاٹی سامبا شیوا راؤ، انڈا ولی ارون کمار، سائی پرتاب، سبم ہری اور ہرش کمار نے بطور احتجاج یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کی تھی اور 17 جنوری کو منعقد شدنی اے آئی سی سی کے سیشن میں متحدہ آندھرا کی قرارداد منظور کرنے کے لئے احتجاج کا فیصلہ کیا تھا،
جب کہ کانگریس ہائی کمان نے ان ارکان کو سمجھانے اور منانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی، لیکن اب سیشن میں شرکت کے پاس جاری نہ کرتے ہوئے ان ارکان کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔ ذرائع کے بموجب ہائی کمان نے تمام پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد سیشن کو پرامن بنانے کے لئے ان ارکان کے خلاف فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اے پی این جی اوز کے صدر اشوک بابو نے سیما۔ آندھرا کے کانگریس قائدین کو اے آئی سی سی سیشن میں گڑبڑ کرنے اور متحدہ آندھرا کی قرارداد منظور کرانے کا مشورہ دیا تھا، جب کہ لگڑا پاٹی راج گوپال نے سیشن کے دوران متحدہ آندھرا کی آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا۔