یو پی اے کو اقتدار مل جائے تو آندھراکو خصوصی موقف کا وعدہ

مودی نے تروپتی مندر کے سامنے کئے گئے وعدہ کو پورا نہیں کیا ‘ راہول گاندھی کا خطاب
گنٹور ( آندھرا پردیش ) 4 جون ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ اگر 2019 میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے اتحاد کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دیا جائیگا ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کو یہ موقف نہ دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران نریندرمودی نے تروپتی کی لارڈ وینکٹیشورا مندر کے سامنے یہ وعدہ کیا تھا کہ اگر بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوجائے تو وہ ریاست کو دس سال کیلئے خصوصی زمرہ کا موقف عطا کرینگے ۔ راہول گاندھی نے یہاں پردیش کانگریس کی جانب سے منعقدہ پرتیکا ہودا بھروسہ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بن جانے کے بعد نریندر مودی نے اس وعدہ سے انکار کردیا ۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا اب یہ بتائیں کہ نریندر مودی کس طرح کے ہندو ہیں۔ انہوں نے ایک مندر کے سامنے جھوٹ بولا ہے ۔ راہول نے آندھرا پردیش کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی زمرہ کا موقف کوئی تحفہ نہیں ہے بلکہ یہ عوام کا حق ہے ۔ یہ حق عوام کو اپنے وقت کے وزیر اعظم ( ڈاکٹر منموہن سنگھ ) نے دیا ہے ۔ کوئی بھی اس حق کو نہیں چھین سکتا ۔ اگر ہم 2019 میں اقتدار پر آتے ہیں تو ہمارا پہلا کام آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینا ہوگا ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی دونوں جماعتوں پر تنقید کی اور کہا کہ ان دونوں نے خوف کی وجہ سے خصوصی زمرہ کے موقف کے مسئلہ کو نظر انداز کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی کئی سیاسی جماعتیں ہیں جو آندھرا پردیش کو خصوصی زمرہ کا موقف دینے کی حمایت کرتی ہیں لیکن خود آندھرا پردیش کی دو سیاسی جماعتیں ( تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس ) اس کی تائید نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ نریندر مودی نے ان پر دباو ڈالا ہو ۔ ان کے دلوں میں کوئی خوف پیدا ہوگیا ہو۔ راہول نے کہا کہ اگر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور قائد اپوزیشن جگن موہن ریڈی خصوصی زمرہ کیلئے جدوجہد نہیں کرسکتے تو ہم مل کر یہ جدوجہد کرینگے ۔ ہم اس کیلئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کرینگے ۔ سماجوادی پارٹی لیڈر اکھیلیش یادو ‘ جنتادل یو لیڈر شرد یادو ‘ سی پی آئی قائدین ایس سدھاکر ریڈی ‘ ڈی راجہ ‘ ڈی ایم کے لیڈر ایلانگون ‘ آر جے ڈی لیڈر جئے پرکاش نارائن یادو ‘ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ بھی اس جلسہ میں شریک تھے ۔