یو پی اے دور حکومت میں کنگ فشر ایر لائنس کو مراعات دیئے گئے ، بی جے پی کا الزام

نئی دہلی ۔13ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی نے جمعرات کے دن یہ الزام عائد کیا کہ سابق یو پی اے حکومت نے کنگ فشر ایرلائنس کے ساتھ ایک نرم معاملت کی تھی تاکہ اسے جاری رکھا جائے اور کہا کہ یہ ایئر لائن شائد گاندھی خاندان کی ملکیت ہے ۔ صحافت سے ملاقات پروگرام میں راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے قومی ترجمان سمبت پاترا نے ایک حوالہ ٹریڈر کے ایک اقبالی بیان کو دکھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ صدر کانگریس کے ایک شیل کمپنی کے ساتھ روابط ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی کنگ فشکر ایر لائنس اور اس کے پروموٹر وجئے مالیہ کے کیس میں بیاگ فٹ پر تھے اورپوری گاندھی فیملی نے اس ایر لائن پر مفت سفر کیا اور ان کے سفر کو بزنس کلاس میں اپ گریڈ کیا گیا ۔ پترا نے کہاکہ پورا گاندھی خاندان دراصل مالیہ اور کنگ فشر ایر لائنس کی نرم معاملت کے ساتھ مدد کررہا ہے ۔ انہوں نے اس ایر لائنس کو بینکس کی جانب سے دیئے گئے قرضہ جات سے متعلق دستاویزات دکھاتے ہوئے یہ بات کہی ۔