گنٹور ۔3فبروری( این ایس ایس ) کانگریس رکن پارلیمنٹ آر سامباشیواراؤ نے آج یہ انکشاف کیا کہ آندھراپردیش کو تقسیم کرنے مرکز کے فیصلہ کے خلاف بطور احتجاج 5فبروری کو لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیما آندھرا قائدین چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے ہمراہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کریں گے اور آندھراپردیش تنظیم جدید بل کو منظور نہ کرنے پر زور دیا جائے گا ۔
ریاست کی تقسیم پر موجودہ مؤقف کے پیش نظر انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تلنگانہ بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بطور احتجاج یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی ۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا یہ دیکھنا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ اسمبلی کی جانب سے مسترد کردہ یہ بل قانونی مشورہ کیلئے روانہ کرتے ہیں یا نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اگر کے لکشمی نارائنا حلقہ گنٹور سے مقابلہ کرتے ہیں تو وہ ان کی تائید کریں گے ۔