یو پی اے حصول اراضیات بل نقائص پر مبنی : جیٹلی

نئی دہلی 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سابقہ یو پی اے حکومت کے حصول اراضیات بل پر تنقید کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ یہ قانون نقائص سے پر تھا اور اس سے ہندوستان کی قومی سلامتی پر تباہ کن اثرات ڈالنے کی وجہ بنا ہے کیونکہ اس سے پاکستان ہندوستان کے اہم دفاعی پراجیکٹس کے تعلق سے معلومات حاصل کرسکتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت حکومت نے اس بل کے ذریعہ دفاع اور سکیوریٹی کو فوری توجہ کے مسائل میں شامل کیا تھا جس سے یہ استثنی کی فہرست میں شامل نہیں ہوسکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں کسی کیلئے بھی یہ معلوم کرنا آسان تھا کہ دفاعی اور سکیوریٹی اہمیت کے حامل پراجیکٹس کب اور کہاں قائم ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے مطابق جن گاوں والوں کی اراضیات حاصل کی جا رہی ہوں ان میں 70 فیصد کی دستخط کے حصول کو لازمی قرار دیا گیا تھا ۔ اس سے اطلاعات کے افشا کا اندیشہ تھا اور یہ اطلاعات پاکستان بھی پہونچ سکتی تھیں۔ انہوںنے کہا کہ یو پی اے حکومت نے جو بل پیش کیا تھا وہ نقائص سے پر تھا اور اب ان نقائص کو دور کیا جا رہا ہے ۔