استفادہ کیلئے تلنگانہ کے افراد سے کے ٹی آر کا مشورہ ، تعاون کیلئے سفارتی عملہ کو ہدایت
l بغیر دستاویزات داخلہ ، غیرقانونی مقیم
افراد کو 2 سالہ امتناع پر خروج کی اجازت
l 2 سالہ مدت کے بعد دوبارہ داخلہ کی سہولت
حیدرآباد۔ 19 اگست (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی این آر آئیز اُمور کے ٹی راما راؤ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم تلنگانہ کے ایسے تمام ورکرس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حکومت ِ امارات کی طرف سے دی گئی عام معافی کی اسکیم سے استفادہ کرتے ہوئے وہاں اپنے قیام (اقامہ) کو باقاعدہ بنائیں جن کے اقاموں کی مدت گذر چکی ہے اور وہ حکومت کی طرف سے دی گئی عام معافی 2018ء اسکیم کے زمرہ میں آتے ہیں۔ حکومت ِ یو اے ای نے اس ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم بیرونی افراد کو اقامہ باقاعدہ بنانے کیلئے یکم اگست تا اواخر اکتوبر مہلت دی ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ایسے افراد جن کے پاس جائز پاسپورٹ ہیں اور وہ اس خلیجی ملک سے واپس ہوجانا چاہتے ہیں، کسی رکاوٹ کے بغیر خروج حاصل کرسکتے ہیں اور کسی امتناع کے بغیر اپنے گھر (تلنگانہ) واپس ہوسکتے ہیں، تاہم کسی جائز دستاویز یا ویزا کے بغیر متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے والوں کو اس ملک میں داخلہ پر 2 سالہ امتناع کے ساتھ بلارکاوٹ خروج دیا جائے گا اور 2 سال بعد وہ دوبارہ اس ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایسے افراد جن کے پاسپورٹ کی مدت گذر چکی ہے یا گمشدہ ہیں یا پھر کفیلوں کے پاس ہیں، وہ اور مفرور قرار دیئے گئے افراد بھی عام معافی سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں واقع ہندوستانی قونصل خانہ اور ابوظبی میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ کے عہدیداروں کو ایسے این آر آئیز کی مدد کی ہدایت کی گئی ہے جو اقامہ ختم ہوجانے یا دیگر ایسی ہی وجوہات پر وطن واپس ہونا چاہتے ہیں۔