یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز میں ثانیہ کی شاندار کامیابی

نیو یارک /5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے آج یہاں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنمنٹ 2014ء کے مکسڈ ڈبلز میں اپنا تیسرا گرینڈ سلام ٹائٹل جیت لیا، جب وہ اور ان کے ساتھی برونو سوریز نے ابیجیل اسپیئرس اور سانتیاگو گونزا لیز کی جوڑی کو شکست دے دی۔ یو ایس اوپن میں جیت کے لئے ٹائی بریک کے دوران فاتح ثانیہ اور ان کے ساتھی کو چند دشوار کن اور انتہائی سنسی خیز لمحات سے گزرنا پڑا۔ اس ہند۔ برازیل جوڑی نے فائنل میں 11-9، 2-6 اور 6-1 سے کامیابی سے قبل پانچ راست چمپین شپ پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ ہندوستانی ثانیہ اور برازیل کے سوریز نے ڈبلز میں ایک ساتھ کھیلا ہے۔