واشنگٹن۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز اپنا وہی پرانا راگ الاپتے ہوئے کہا کہ وہ یو ایس ۔ میکسیکو سرحد کو بند کرنے سوفیصد تیار ہیں اور کانگریس کو انتباہ دیا کہ میکسیکو سے لوگوں کے غیرقانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے پر روک لگائی جائے، حالانکہ متعدد سرحدی کراسنگ پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ٹرمپ چاہتے ہیں کہ کانگریس میں جو ڈیموکریٹس ہیں، وہ تارکین وطن کے تئیں قوانین کو مزید سخت بتائیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت سرحد پر قومی ایمرجنسی جیسے حالات ہیں۔ اگر میکسیکو نے اپنے شہریوں کو امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے سے نہیں روکا اور امریکی کانگریس نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی تو سمجھ لیجئے یو ایس۔ میکسیکو کی سرحد صد فیصد بند کردی جائے گی۔