’یوگی‘ کے اثاثوں کی قدر 3 سال میں 32% بڑھی

لکھنو۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ کے اثاثہ جات کی قدر میں گزشتہ تین سال کے دوران تقریباً 32 فیصد کا اضافہ در کیا گیا ہے، جو یوپی کونسل کے ضمنی چنائو کے لیے ریٹرننگ آفیسر کو ان کے پیش کردہ حلف نامہ سے معلوم ہوا۔ یوگی یہ چنائو لڑرہے ہیں۔ حلف نامہ میں بتایا گیا کہ ان کے اثاثوں کی قدر موجودہ طور پر 95,98,053 روپئے ہے جو 2014ء میں 72,17,674 روپئے تھی، جب انہوں نے لوک سبھا انتخابات لڑے تھے۔ اس طرح 23,80,000 روپئے کا اضافہ ظاہر ہورہا ہے۔ ان کے اثاثوں میں کانوں طلائی بالیاں بہ وزن 20 گرام مالیتی 49,000 روپئے اور ایک طلائی چین (رودراکش) بہ وزن 10 گرام مالیتی 26,000 روپئے شامل ہے۔ 5 مرتبہ کے گورکھپور ایم پی کی ملکیت میں ایک ریوالور اور ایک رائفل بھی ہے جن کی مالی قدر ترتیب وار ایک لاکھ روپئے اور 80 ہزار روپئے بتائی گئی۔ ادتیہ ناتھ نے بیان کیا ہے کہ رکن لوک سبھا کی حیثیت سے انہیں حاصل شدہ تنخواہ اور دیگر الائونس ہی ان کی آمدنی کا ذریعہ رہے ہیں۔ ادتیہ ناتھ، ان کے دو نائبین کیشو پرساد موریا اور دنیش شرما کے علاوہ دو ریاستی وزراء محسن رضا اور سوتنتر دیو سنگھ نے گزشتہ روز کونسل کی 5 نشستوں کے لیے ضمنی چنائو کے سلسلہ میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کی ہے۔