یوگی پر ایف آئی آر کانگریس قائد کی جان کو خطرہ

لکھنؤ۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) یو پی کے ایک کانگریس قائد نے آج الزام عائد کیا کہ ان کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ ایک عدالت نے 20 سال پرانا مقدمہ جس میں انہوں نے موجودہ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کو مجرم قرار دیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی تھی، دوبارہ کھولا گیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس راج ببر کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائد طلعت عزیز نے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان مختلف گوشوں سے عدالتی حکم نامہ جاری ہونے کے بعد جان سے ماردینے کی دھمکیاں وصول کررہا ہے۔ مہاراج گنج سیشنس کورٹ نے مقدمہ کے احیاء کا حکم دیا تھا جس میں ایک پولیس کانسٹیبل ہلاک اور دیگر دو اس وقت زخمی ہوگئے تھے، جب 1999ء میں مہاراج گنج میں تشدد پھوٹ پڑا تھا جس کا الزام ادتیہ ناتھ کی اشتعال انگیز تقریر پر عائد کرتے ہوئے طلعت عزیز نے ایف آئی آر درج کروایا تھا ۔ ادتیہ ناتھ اُن دنوں گورکھپور کے رکن پارلیمنٹ تھے۔