یوگی نے کلپنا سے ملاقات کی، ہرممکن تعاون کی یقین دہانی

لکھنوء،01 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو ایپل کمپنی کے افسر وویک تیوایری کی بیوہ کلپنا سے ملاقات کی اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن دیا۔واضح رہے کہ سنیچر کو راجدھانی لکھنوء کے گومتی نگر میں اپیل کے ایریا منیجر وویک تیواری کا پولیس سپاہی نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ آج صبح کلپنا، ان کی دو بیٹیاں اور بھائی وزیر اعلی کے سرکاری رہائش پہنچے ان کے ساتھ نائب وزیراعلی ڈاکٹر دنیش شرما بھی تھے ۔وزیر اعلی نے حادثے کو تکلیف دہ بتاتے ہوئے اہل خانہ کے تئیں اپنے احساسات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے قصورواروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں اس ضمن میں محکمہ داخلی امور اور پولیس کو سخت ہدایات دی ہیں۔ ریاستی حکومت نے ایس آئی ٹی کی تشکیل کر کے اس حادثے کی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کو کہا ہے ۔مسٹر یوگی نے اہل خانہ کے اراکین کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کی کوششوں میں پورا بھروسہ رکھیں۔ وزیر اعلی نے کلپنا تیواری کو 25 لاکھ روپئے مدد کے طوردینے علاوہ دونوں بیٹیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپئے کی فکسڈ ڈپوزٹ اور وویک کی ماں کو پانچ لاکھ روپئے کی مالی تعاون مہیا کرانے کی ہدایت ضلع انتظامیہ کو دی ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ کلپنا تیواری کو لکھنومیونسپل کارپوریشن میں نوکری دی جائے گی جبکہ خاندان کی رہائش کے مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کرایا جائے گا۔وزیر اعلی سے تقریبا آدھا گھنٹہ کی ملاقات کے بعد کلپنا نے بتایا کہ” وزیر اعلی نے حادثے کے سلسلے میں دکھ کا اظہار کیا ہے اور حکومت کی جانب سے ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے ہماری بات کو سنا، میں نے ملزم پولیس سپاہیوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعلی سے نوکری، ایک کروڑ روپئے کا معاوضہ اور خاندان کی سیکورٹی سمیت دیگر کئی اورمطالبات کئے ہیں۔ میری سبھی مطالبات پر وزیر اعلی نے خورخوض کی یقین دہانی کرائی ۔مجھے اور میرے خاندان کو حکومت اور وزیر اعلی پر پورا بھروسہ ہے "۔خیال رہے کہ وویک تیواری کے قتل کے ضمن میں پولیس نے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہے جس کی سربراہی لکھنو پولیس آئی جی کر رہے ہیں۔ اس ٹیم کے دو ممبر پولیس سپرنٹندنٹ کرائم اور پولیس سپرنٹنڈنٹ دیہات ہیں۔ ایس آئی ٹی کو جلد ہی معاملے کی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے ۔ اتوار کو نائب وزیر اعلی دنیش شرما اور کیسو پرساد موریہ نے مقتول افسر کے گھر جا کر متأثرۃ کنبہ کی ڈھارس بندھائی تھی اور حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی ۔افسر کے آخری رسومات کی ادائیگی کے وقت کابینی وزیر اشوتوس ٹنڈن اور برجیش پاٹھک موجود تھے ۔