حیدرآباد 18 جون ( پی ٹی آئی ) مرکز کے 21 جون کو بین الاقوامی یوم یوگا منانے کے فیصلہ پر بعض گوشوں سے تنقیدوں کے پس منظر میں مرکزی وزیروی کے سنگھ نے آج کہا کہ یوگا کسی ایک مخصوص مذہب تک محدود نہیں ہے اور یہ سائنسی اختراع ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ امور خارجہ سنگھ نے آج یوگا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ لوگ یوگا کو مذہبی فکر دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔ یوگا کا کسی مخصوص مذہب سے تعلق نہیں ۔ ہمارا یہ احساس ہیکہ یوگا کی کافی اہمیت ہے اور یہ ہماری تہذیب اور سائنٹفک سسٹم کا حصہ ہے ۔ انہوں نے 42 سال فوج میں خدمات انجام دیں اور یہ فلسفہ ان کے اندر رچ بس گیا کہ تمام مذاہب یکساں ہیں اور ان کا احترام کیا جانا چاہئے ۔