لاس اینجلس 4 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی ایک عدالت نے رولنگ دی ہے کہ ایلیمنٹری اسکولس میں یوگا کلاسیس سے ہندو ازم کی توثیق نہیں ہوتی اور نہ ہی طلبا کی مذہبی آزادی متاثر ہوتی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ یوگا مذہبی یا روحانی تعلیم سے مختلف ہے ۔ کیلیفورنیا میں سان ڈیگو عدالت کی ایک تین رکنی بنچ نے اپنی متفقہ رولنگ میں یہ خیال ظاہر کیا ۔ کچھ اولیائے طلبا نے یہ شکایت کی تھی کہ اسکولس میں یوگا کی تعلیم دی جا رہی ہے جو ہندو اور بدھ مذہب کی تبلیغ کے مترادف ہے ۔ عدالتی دستاویز کے مطابق بنچ نے یہ پتہ چلانے کی کوشش کی کہ آیا واقعی ایسا ہے ۔ عدالت کا یہ تاثر ہے کہ یوگا کلاسیس جسمانی ورزش کے پروگرام کا حصہ ہے اور اس کے نتیجہ میں کسی مذہب کی تبلیغ نہیں ہوتی اور نہ ہی اس سے کسی دوسرے طلبا کی مذہبی آزادی پر کوئی فرق پڑتا ہے ۔ سابق میں ایک زیریں عدالت نے بھی اسی طرح کی رولنگ دی تھی جس کو سان ڈیگو عدالت نے برقرار رکھا ہے اور اس میں کسی طرح کی مذہبی آزادی متاثر ہونے کا امکان مسترد کردیا ہے ۔