یوگانڈا سے مغویہ امریکی سیاح کی رہائی

کمپالا8اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) افریقی ملک یوگانڈا میں مغویہ امریکہ کی ایک خاتون سیاح کو واقعہ کے پانچ دن بعد سکیورٹی فورسز نے آزاد کرا لیا ہے ۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا’’پولیس اور سیکورٹی ایجنسیوں نے اتوار کو امریکی سیاح کمبرلی سیو اینڈیکوٹ اور ان کے ساتھی گائیڈ جین پال کو آزاد کرا لیا ہے ۔ دونوں کا منگل کے روز بندوق کی نوک پر ملکہ الزبتھ نیشنل پارک میں کھیل ڈرائیو کے دوران اغوا کیا گیا تھا‘‘۔ یوگینڈ ا کی پولیس نے کہا کہ دونوں محفوظ اور صحت مند ہیں اور مشترکہ سیکورٹی ٹیم کے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹویٹ کر کے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا’’یوگانڈا میں اغوا کیے گئے امریکی سیاح اور ٹور گائیڈ کو بچا لیا گیا ہے ‘‘۔ واضح ر ہے کہ اینڈیکوٹ جنوبی کیلی فورنیا کی رہنے والی ہیں ۔ منگل کی رات وہ ملکہ الزبتھ نیشنل پارک کا دورہ کرنے ڈرائیور سمیت چار لوگوں کے ساتھ گئی تھیں ، جہاں اینڈیکوٹ اور ان کے گائیڈ کو بندوق کی نوک پر اغوا کر لیا گیا تھا۔ اغوا کاروں نے دونوں کو چھوڑنے کے لئے پانچ لاکھ ڈالر تاوان طلب کیا تھا لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ کتنی رقم دی گئی ہے ۔