واشنگٹن ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اپنے روسی ہم منصب سرگری لاروف سے اپیل کی کہ جیل کی سزاء کاٹ رہے یوکرین کے فلمساز اولک سنیٹسوف کو فوری رہا کیا جائے جو جیل میں ہی گذشتہ تین ماہ سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ 42 سالہ سنیٹسوف کو 2014ء میں جزیرہ نما کریمیا کا ماسکو سے الحاق ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ہی وہ روس میں جیل کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور انہیں یہ امید بھی نہیں رہی کہ انہیں کبھی رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے ماہ مئی سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔ ان کا مطالبہ ہیکہ روس میں یوکرین کے جتنے بھی سیاسی قیدیوں کو قید رکھا گیا ہے، ان سب کو رہا کیا جائے۔ دریں اثناء اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھرنوریٹ نے بتایا کہ مسٹر پومپیو نے جیل میں مسٹر سنیٹسوف کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش ظاہر کی ہے اور روس سے یہ خواہش کی ہیکہ نہ صرف سنیٹسوف بلکہ تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔