یوکرین کے دارالحکومت میں آج تازہ احتجاج کی تیاری

کیف۔ 16؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ حکومت مخالف احتجاجی مظاہرین نے کیف میں آج تازہ احتجاج کی تیاریاں شروع کردی ہیں جب کہ توقع ہے کہ وہ دارالحکومت کے سٹی ہال سے جلد ہی اپنا قبضہ برخاست کردیں گے۔ کیف کے آزادی چوک میں یہ 11 واں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ احتجاجیوں نے سب سے پہلے گزشتہ نومبر میں صدر وکٹر یانوکووچ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جب کہ انھوں نے یوروپی یونین کے ساتھ معاہدے کے امکان کو مسترد کردیا تھا اور روس کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے کے ارادے کا اظہار کیا تھا جب کہ اپوزیشن نے تیقن دیا تھا کہ احتجاجی جلوس کے دوران پُراسرار ’پُرامن جارحانہ کارروائی‘ کی جائے گی۔ احتجاجی اور عہدیدار دونوں اُسی وقت سے ایک دوسرے کو رعایتیں دیتے آرہے ہیں تاکہ کشیدگی دُور کی جاسکے۔ گزشتہ جمعہ کو عہدیداروں نے اعلان کیا تھا کہ وہ تمام 234 احتجاجیوں کو جو اس تحریک کے دوران گرفتار کئے گئے تھے، رہا کرچکے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اُن افراد کے خلاف الزامات سے بھی دستبرداری اختیار کی جاچکی ہے، بشرطیکہ وہ حالیہ معافی کے قانون کی شرائط مکمل کریں۔ صدر یانوکووچ نے فروری کے آغاز میں جب کہ کیف میں احتجاج مہلک ہوگیا تھا اور ملک صدمہ کا شکار ہوگیا تھا، معافی کا قانون منظور کیا تھا۔ صدر یوکرین بھی اس احتجاج سے دہل کر رہ گئے تھے اور انھوں نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کردیا تھا۔ قانون کے مطابق سٹی ہال کا تخلیہ بھی بات چیت کی ایک شرط ہے۔ تمام احتجاجی مظاہرین کو بھی یوکرین کے دارالحکومت میں رہا کرنا احتجاجیوں کی ایک شرط ہے جس کی حکومت نے مبینہ طور پر تکمیل کردی ہے۔