واشنگٹن ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی ایک کلیدی کمیٹی نے پاکستان کو دی جانے والی امریکی امداد میں 10 ملین ڈالر کی کٹوتی کردی ہے جو اب بحران سے دوچار یوکرین کو تازہ مالیاتی اعانت کے طورپر بروئے کار لائے جائیں گے ۔ ایوان کے بل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو 1.5 بلین ڈالر کی سالانہ امداد سے 10 ملین ڈالر منہا کرلئے گئے ہیں جو یوکرینی ، بالقن ، روسی اور تاتار زبان کی خدمات والے ریڈیو سرویسیس کی پروگرامنگ انجام دینے کے لئے استعمال میں لائے جائیں گے ۔ یوکرین کی امداد سے متعلق اس قانون سازی کو کل ایوان کی اُمور خارجہ کمیٹی کی جانب سے زبردست اکثریت کے ساتھ منظوری دیدی گئی ۔
شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائلز کا تجربہ
سیول ؍ واشنگٹن ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا نے چہارشنبہ کو بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کئے ہیں۔ یہ میزائل ٹھیک اس وقت فائر کئے گئے جب امریکی صدر براک اوباما مشرقی ایشیا میں واقع اپنے دو اہم اتحادیوں جاپان اور جنوبی کوریا کی قیادت سے بات چیت میں مصروف تھے۔ درمیانے فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل روڈونگ نامی بیلسٹک میزائلوں کو شمالی کوریا نے بحیرۂ جاپان میں گرایا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائلوں کے تجربات پر پابندی عائد ہے۔ صدر اوباما نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی ’اشتعال انگیزیوں اور خطرات‘ کا متحدہ جواب دیا جائے گا۔