کیئف ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یوکرین فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ شہر سلاویانسک پر قبضے کے بعد دو مزید شہروں سے علیحدگی پسندوں کو باہر دھکیل دیا ہے۔ کیئف حکومت کے فوجی دستوں نے آرتیموفسک اور دروڑ کوفکا کا کنٹرول حاصل کر کے ملکی جھنڈا لہرا دیا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی ’نووستی ریا‘ کے مطابق سلاویانسک میں مقامی آبادی کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یوکرائن کی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ علیحدگی پسندوں کے زیرِ قبضہ شہروں ڈونیٹسک اور لو ہانسک کا محاصرہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ باغیوں کو حکومتی شرائط تسلیم کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔ لوہانسک میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات بھی ہیں اور اِن میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کا بتایا گیا ہے۔دریں اثناء پسپا ہونے والے روس حامی شورش پسندوں نے یوکرین کے وسیع صنعتی علاقہ ڈونگٹسک میں جگہ جگہ کھدوائیاں کردیں جبکہ جنگ میں اپنی کامیابیوں سے یوکرین کی فوج کے حوصلے بلند ہوگئے۔