یوکرین کو نیٹو کی بھرپور تائید ، روس کے خلاف آج مزید تحدیدات کا اعلان

ویلس۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)نیٹو فوجی اتحاد نے آج منعقدہ چوٹی اجلاس میں روس کے اثر و رسوخ کرتے ہوئے یوکرین کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی صورت میں یوکرین کا بھرپور ساتھ دینے کا عہد کیا۔ روس سے اپنی فوج یوکرین سے واپس طلب کرلینے اور کریمیا کے غیرقانونی الحاق کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ حکومت برطانیہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ روس کے خلاف جمعہ کو یوروپی یونین اور امریکہ کی نئی تحدیدات کا اعلان کیا جائے گا۔ صدر یوکرین پیٹرو پورو شنکو نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ جمعہ کو جنگ بندی پر اتفاق ہوسکتا ہے۔ اس چوٹی اجلاس میں 60 سے زائد عالمی قائدین شرکت کررہے ہیں ۔ نیٹو کے تمام 28 رکن ممالک اور تقریباً 4000 وفود شریک ہیں ۔اس اجلاس میں داعش کی بڑھتی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جانے والا ہے ۔جبکہ اوباما اور کیمرون نے مشترکہ رائے میں یہ تحریر کیا ہے کہ نیٹو کو چاہئے کہ وہ داعش کے مقاصد کو ناکام بنائے۔