یوکرین میں ملیشیا ائر لائینس کے طیارہ کو مار گرایا گیا ۔ 295 افراد ہلاک

کوالا لمپور / کیف 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملیشیا ائرلائینس کے ایک جیٹ طیارہ کو دہشت گردوں نے مشرقی یوکرین کے جنگ زدہ علاقہ میں مار گرایا گیا جس کے نتیجہ میں طیارہ میں سوار تمام 295 افراد ہلاک ہوگئے ۔ طیارہ کو مار گرانے کا وhقعہ روسی سرحد کے قریب پیش آیا ۔ واضح رہے کہ چار ماہ قبل ملیشیا کا ایک طیارہ MH370 بحیرہ ہند میں لاپتہ ہوگیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ آج جس طیارہ کو مار گرایا گیا وہ ملیشیا ائرلائینس کا بوئنگ 777 تھا جو ایمسٹرڈم سے کوالا لمپور کیلئے پرواز کر رہا تھا جس میں 280 مسافرین اور عملہ کے 15 ارکان سوار تھے ۔ ملیشیا ائرلائینس نے توثیق کی کہ اسے یوکرین ائر ٹریفک کنٹرول سے یہ اطلاع ملی ہے کہ اس کا اس پرواز MH17 سے ہندوستانی معیار وقت کے مطابق رات 8.45 بجے رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ طیارہ تماک وے پوائنٹ سے 30 کیلومیٹر کے فاصلے پر تھا ۔ یہ مقام روس ۔ یوکرین سرحد سے 50 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔ یوکرین کے وزیر داخلہ کے ایک مشیر انٹن ہیراشچینکو نے کہا کہ تقریبا 300 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جبکہ ملیشیا ائرلائینس کا بوئنگ 777 طیارہ مشرقی یوکرین میں حادثہ کا شکار ہوگیا ۔

انہوں نے اپنے فیس بک کے ایک پوسٹ میں کہا کہ اس طیارہ میں 280 مسافرین اور 15 ارکان عملہ سوار تھے اور یہ اس وقت 10,000 میٹر کی بلندی پر پرواز کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس طیارہ کو یوکرین کی فضائی حدود میں سرگرم دہشت گردوں نے فضا سے ہوا میں مار کرنے کی صلاحیت والے بک میزائیل سے مار گرایا ہے ۔ باغیوں کے اثر والے ٹاؤن ٹوریز میں عینی شاہدین نے بتایا کہ اس طیارہ کا ملبہ اور نعشیں اس علاقہ میں پائی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ درجنوں نعشیں حادثہ کے مقام پر پھیلی ہوئی پائی گئی ہیں اس کے علاوہ ملیشیا ائر لائینس کے مسافر بردار طیارہ کا ملبہ بھی پایا گیا ہے ۔ عوام کے مطابق اس طیارہ کا ملبہ تقریبا ایک مربع کیلومیٹر کے احاطہ میں پھیلا ہوا ہے ۔ یہ طیارہ راڈار سے لاپتہ ہوگیا تھا اور ایمرجنسی خدمات سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں جائے واقعہ پر پہونچ گئی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ جلتے ہوئے طیارہ کا ملبہ اور نعشیں گرابوو گاؤں میں پائی گئی ہیں جو روسی سرحد کے علاقہ سے 40 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔

اس علاقہ میں موافق روس باغی سرگرم ہیں۔ ملیشیا ائرلائینس نے ٹوئیٹر پر اس کی توثیق کی ہے اورک ہا کہ ملیشیا ائر لائینس کا رابطہ بھی اس طیارہ سے منقطع ہوگیا تھا اور آخری جو اطلاعات تھیں ان کے بموجب طیارہ یوکرین کے فضائی حدود میں پرواز کر رہا تھا ۔ ملیشیا کے اسٹار اخبار نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ جب یہ طیارہ 30,000 فیٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا اسے مار گرایا گیا ہے ۔ یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اس طیارہ کو ان کے ملک کے فضائی حدود میں مار گرایا گیا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ کوئی تباہی نہیں ہے بلکہ یہ ایک دہشت گردانہ کارروائی ہے ۔ یوکرین کے عہدیداروں نے موافق روس باغیوں کو اس طیارہ کو مار گرائے جانے کیلئے ذمہ دار قرار دیا ہے تاہم خود ساختہ لوہانسک پیپلز ریپبلک کی پریس سرویس نے ادعا کیا ہے کہ یوکرین ائر فورس کے طیارہ سے داغے گئے میزائیل سے یہ طیارہ مار گرایا گیا ہے ۔ یوکرین نے تاہم اس کی تردید کی ہے ۔

پورو شینکو نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس طیارہ کو مار گرائے جانے کا امکان مسترد نہیں کرتے اور یہ توثیق کرتے ہیں کہ یوکرین کی مسلح افواج نے آسمان میں کسی بھی نشانہ پر فائرنگ نہیں کی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اس طیارہ کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائیل سے نشانہ بنایا گیا ہو۔ ملیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے اپنے ٹوئیٹر پر ایک بیان میں کہا کہ طیارہ کے حادثہ کی اطلاع پر انہیں شدید صدمہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا آغاز کر رہے ہیں۔ یوکرین کے وزیر اعظم اسرنی یاتسینیوک نے بھی اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ یوکرینی فوج کے کئی طیاروں کو حالیہ عرصہ میں مار گرایا گیا ہے ۔ یوکرین نے روس کی فوج پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے عصری میزائیل باغیوں کو فراہم کئے ہیں۔