کوالالمپور۔ 27؍اپریل (سیاست ڈاٹ کام)۔ صدر امریکہ بارک اوباما نے آج کہا کہ نئی بین الاقوامی تحدیدات پر عنقریب روس کے خلاف عمل آوری کا آغاز ہوجائے گا۔ اس سے روس کو یہ پیغام پہنچے گا کہ وہ مشرقی یوکرین میں اشتعال انگیزی ترک کردے تاکہ مزید اقدامات ممکن ہوسکیں۔ واشنگٹن سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیر خارجہ امریکہ جان کیری نے روس پر زور دیا کہ وہ آزاد فوجی مبصرین کی زیر نگرانی یوکرین کا انتظامیہ دے دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ روس کے وزیر خارجہ سرجی لاؤروف سے کل ٹیلی فون پر انھوں نے کہا تھا کہ روس کی کارروائیاں یوکرین میں استحکام، سلامتی اور اتحاد کی اہمیت کم کررہی ہیں۔
جان کیری نے روس کو ایک مکتوب بھی روانہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں۔ روس حامیوں کی شورش پسندی کا الزام جرمنی زیر قیادت فوجی مبصرین کی ٹیم پر عائد کرتے ہوئے روس نے کہا کہ یہ تمام لوگ ناٹو کے جاسوس ہیں۔ امریکہ اور دنیا کے دیگر صنعتی اعتبار سے طاقتور ممالک مزید معاشی تحدیدات روس پر عائد کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں تاکہ یوکرین میں روس کی کارروائیاں روکی جاسکیں۔ جان کیری نے روس پر دباؤ ڈالا کہ وہ یوکرین میں آزاد ٹیم کو کام کرنے کا موقع فراہم کرے۔ انھوں نے روس کی فوج کی سرحد پر اشتعال انگیز نقل و حرکت کا بھی حوالہ دیا جس کی وجہ سے یوکرین میں عدم استحکام کی صورتِ حال پیدا ہورہی ہے۔