یوکرین میں حملے ،20 فوجی ہلاک

کیئف ۔یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) یوکرینی ٹیلی ویژن کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں علیحدگی پسند باغیوں کی جانب سے گزشتہ شب کیے جانے والے ایک حملے میں 20 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تاہم ملٹری ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد ممکنہ طور پر کم ہو سکتی ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق شاختراسک کے علاقے میں ایک چھاتہ بردار فوجی یونٹ مارٹر اور ٹینک فائر کی زد میں آ گیا جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں ملائیشیا ایئرلائنز کا مسافر طیارہ گرا تھا۔

مشرقی یوکرین: بین الاقوامی ماہرین جائے حادثہ تک پہنچنے میں کامیاب
کیئف ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم بالآخر مشرقی یوکرین میں اْس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی، جہاں گزشتہ ماہ 17جولائی کو ملائیشین ایئر لائنز کے ایک مسافر طیارے کو مبینہ طور پر میزائل حملے میں مار گرایا گیا تھا۔ آسٹریلیائی وزیر خارجہ جولی بشپ کے بقول امکان ہے کہ جائے حادثہ پر اب بھی 80 کے قریب لاشیں موجود ہوں۔ یو این میں روسی سفیر نے یوکرائنی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی تفتیش کاروں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے سے روکتی آئی ہے۔