کیف۔ 9؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ روس کے حامی اور مخالف احتجاجی مظاہرین کے جلوسوں کی وجہ سے جو یوکرین میں ملک گیر سطح پر نکالے گئے اور جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، موجودہ کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ احتجاجی مظاہرے صدر امریکہ بارک اوباما کی صدر روس ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر بحران کے خاتمہ کے لئے طویل بات چیت کے بعد شروع ہوئے۔ یوکرین کے بحر اسود کے جزیرہ نما کریمیا میں جو روسی فوج کے زیر قبضہ آگیا ہے، روس اور مغرب کے حامیوں کے درمیان صف آرائی کی وجہ سے کشیدگی عروج پر پہنچ گئی۔ ہر شخص ایک دوسرے کو سخت تحدیدات کے عائد کئے جانے کا خوف دلارہا تھا۔ بیرونی مبصرین کریمیا میں داخل نہیں ہوسکے اور تازہ ترین صورتِ حال کا جائزہ نہیں لے سکے اور واپس ہونے پر مجبور ہوگئے جب کہ روس حامی بندوق برداروں نے ان کی آمد پر انتباہی فائرنگ کی۔ روسی انتہا پسندوں پر کریمیا کی راڈار چوکی پر حملہ کا ان غیر ملکی مبصرین نے الزام عائد کیا۔ یہ تازہ ترین اقدام مبینہ طور پر روس حامی فوج کی جانب سے کیا گیا ہے جس نے یوکرین کے تمام فوجی اڈوں کا محاصرہ کیا ہے اور کم از کم ایک مزائل دفاعی یونٹ پر قبضہ بھی کرلیا ہے۔
اوباما کی 12 مارچ کو یوکرینی وزیر اعظم سے ملاقات
واشنگٹن 9؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر بارک اوباما یوکرین کے عبوری وزیر اعظم ارسینلی یاتسینوک کے ساتھ وائیٹ ہاوز میں 12 مارچ کو ملاقات کرینگے تاکہ کریمیا میں روس کی فوجی مداخلت سے پیدا شدہ بحران پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔ وائیٹ ہاوز کے پریس سکریٹری جے مک کارنے نے کہا کہ یوکرین کے عبوری وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ یوکرینی عوام کیلئے زبردست تائید فراہم کرتا ہے ۔ عوام نے حالیہ بحران کے وقتوں میں زبردست مزاحمت کرتے ہوئے اپنے حوصلے ظاہر کئے تھے ۔ مسٹر مک کارنے کہا کہ مسٹر اوباما چہارشنبہ کو وائیٹ ہاوز میں یوکرینی وزیر اعظم کے ساتھ بحران کو حل کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ دونوں قائدین اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کریمیا میں روس کی مداخلت سے پیدا شدہ بحران کا حل کس طرح دریافت کیا جاسکے ۔ کہا گیا ہے کہ اس بحران کے نتیجہ میں یوکرین کی سالمیت اور اس کے وجود پر سوال پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں قائدین اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ موجودہ حالات میں بین الاقوامی برادری یوکرین کی کس طرح سے مدد کرسکتی ہے اور اسے کس طرح کی مدد کی ضرورت ہے ۔ بات چیت میں تمام پہلووں کا احاطہ کیا جاسکتا ہے ۔