میونخ ۔ /8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی نائب صدر جوبیڈن نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے صدر روس ولادیمیر پوٹین سے واضح انداز میں کہہ دیا ہے کہ وہ ’’یوکرین سے نکل جائیں ‘‘ جرمنی میں میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوبیڈن نے کہا کہ یوکرین میں جاری لڑائی اپنی حد پار کرچکی ہے ۔ ان کا یہ سخت تبصرہ ایسے وقت سامنے آیا جبکہ یوکرین میں تشدد بڑھ گیا ہے اور گزشتہ ماہ 224 افراد ہلاک اور 540 سے زائد زخمی ہوگئے ۔
ہندوستان کشمیر میں برآمداتی دہشت گردی کا شکار
٭٭ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے کہا کہ ہندوستان کو کشمیر میں برآمداتی دہشت گردی کی لعنت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مضبوط جمہوری ڈھانچے اور حقیقی کثرت میں وحدت سماج کی وجہ سے اسلامی دہشت گردی کو یہاں اپنی جڑیں مضبوط کرنے کا موقع نہیں مل رہا ہے ۔ انہوں نے میونخ سکیورٹی کانفرنس میں ’’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘‘ پیانل مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ پیشرو ہندوستانی حکومتوں نے تمام اقلیتی گروپس کو سماجی دھارے میں شامل رکھنے کی پالیسی اختیار کی ۔ اس کے نتیجہ میں اسلامی گروپس کو مسلم آبادی میں اپنے انتہاپسندانہ نظریات کو پھیلانے میں کامیابی نہ مل سکی ۔ ڈوول نے کہا کہ ہندوستان کشمیر میں برآمداتی دہشت گردی کی لعنت سے دوچار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ کشمیر میں انتخابات میں یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام کی اکثریت کا جمہوریت پر ایقان ہے اور انہوں نے بائیکاٹ کی اپیل کو نظرانداز کردیا ۔