نیو یارک۔ 03 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما روس اور یوکرین کے بحران پر بلقان کے خطے کے رہنماؤں سے بات چیت کیلئے ایستونیا پہنچ گئے ہیں۔ نشریاتی ادارے کے مطابق صدر اوباما چہارشنبہ کی صبح تالن پہنچے۔ وہ بعدازاں ایستونیا کے صدر توماس ہینڈرک اِلویس، لتھوینیا کے صدر ڈلیا گریباؤ سکائیتے اور لیٹویا کے آندریس بیرزنش سے ملاقات کریں گے۔ وہ دارالحکومت تالن میں ایستونیا، لیتوویا، اور لتھوانیا کے صدور سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد صدر اوباما نیٹو کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں ایک ایسی تیز رفتار فوج کے قیام کے منصوبے کی حمایت کی جائے گی جو 48 گھنٹوں کے اندر اندر تعینات کی جا سکے۔ نیٹو نے حال ہی میں مشرقی یورپی ملکوں کو ممکنہ روسی جارحیت سے بچانے کیلئے اس فوج کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ روس نے اس پر ردِ عمل میں کہا تھا کہ وہ روسی سرحدوں کے قریب نیٹو کے انفراسٹرکچر میں ہونے والی تبدیلیوں کے پیشِ نظر اپنے فوجی نظریے میں تبدیلی لائے گا۔ تیز رفتار فوج اور دوسرے سکیورٹی اقدامات جمعرات سے ویلز میں ہونے والے نیٹو کے سربراہی اجلاس میں زیرِ بحث آئیں گے۔