یوکرین، روس کیخلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع

کیئف ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یوکرین کے عبوری صدر نے ملک کے مشرقی علاقے میں ایک مقامی سیاستدان سمیت دو افراد کی ہلاکت کے بعد روس کے حامی باغیوں کے خلاف دوبارہ فوجی آپریشن شروع کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے عبوری صدر ایلیگذینڈر ترچنوو کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مقامی رہنما کا نام ولادیمیر ربیی ہے جو باغیوں کے کنٹرول والے علاقے سلوویسی کے پاس مردہ پائے گئے ہیں۔ یہ واقعات ایسے وقت ہوئے ہیں جب امریکی نائب صدر جو بائڈن یوکرین کے دورے پر پہنچے ہیں۔

دارالحکومت کیف میں یوکرین کے قائدین سے ملاقات کے بعد بائڈن نے روس سے کہا کہ یوکرین بحران کو ختم کرنے کیلئے اسے باتیں کرنا بند کرنا چاہیے اور کام کرنا چاہیے۔ جو بائڈن نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اسے مزید اکسانے والی کارروائی نہیں کرنا چاہیے ورنہ اس کی وجہ سے روس اور زیادہ تنہا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ، یوکرین کے نئے رہنماؤں کے ساتھ کھڑا ہے۔