یوکرائن: فائر بندی کے باوجود نئی جھڑپیں

کییف ، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فائر بندی معاہدہ کے باوجود مشرقی یوکرائن کے علاقے ڈونیٹسک سے نئی جھڑپوں کی خبریں مل رہی ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روس نواز علیحدگی پسندوں نے سرکاری فوجوں کے زیر انتظام ہوائی اڈے کے خلاف نئی پیشقدمی کی کوشش کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اِس ہوائی اڈے پر بھاری توپ خانے سے گولہ باری کی جا رہی ہے۔ ایک غیر فوجی زون کے قیام کی کوششیں محض سست رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایک بار پھر یوکرائن سے تمام روسی جنگجوؤں کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔