یوکرائنی باغیوں نے صلح کے باوجود ہیلی کاپٹر مار گرایا، 9 ہلاک

کیئف ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) نو یوکرائنی فوجی آج اس وقت ہلاک ہوگئے جب موافق روسی شورش پسندوں نے علحدگی پسند مشرقی علاقہ میں ایک آرمی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا حالانکہ ایک روز قبل ہی سرکردہ ملیشیا لیڈر نے عارضی فائربندی کا حکم دیا تھا۔ یوکرائنی ترجمان دفاع ولادیسلاف سیلیزینوف نے فیس بک پر تحریر کیا کہ اس ہیلی کاپٹر میں 9 افراد سوار تھے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق وہ تمام مارے گئے ہیں۔ آرمی کے عہدیداروں نے کہا کہ مگ ۔ 8 ہیلی کاپٹر کو باغیوں کے مضبوط گڑھ والے شہر سلاویانسک میں مار گرایا گیا جہاں یوکرائن کی 11 ہفتے سے جاری شورش پسندی میں کچھ شدید ترین لڑائی پیش آئی ہے۔