یوپی : 300 میڈیکل کالج ٹیچرس مستعفی

کانپور ؍ لکھنو۔3 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )میڈیکل کالج کے لگ بھگ 300 ٹیچرس آج مستعفی ہوگئے جس کا پس منظر اُن کے رفقاء کی گرفتاری کے خلاف جونیر ڈاکٹروں کا ایجی ٹیشن ہے جس کے نتیجہ میں اترپردیش میں طبی خدمات مفلوج ہوگئی ہیں، حالانکہ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے اُن سے اپنی ہڑتال ختم کردینے کی اپیل کی ہے ۔ اکھلیش نے لکھنو میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کانپور میں جو کچھ ہوا اُس کا سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب ہے اور انکوائری کی جائے گی ۔ عہدیداروں کو تحقیقات کرنے اور دونوں فریقوں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے خاطی پائے جانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی جاچکی ہے ۔ چیف منسٹر نے انصاف کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی رائے میں یہ ہڑتال ختم ہوجانا چاہئے ۔ ’’یہ میری ڈاکٹروں سے اپیل ہے کہ اپنے جھگڑے کو بالائے طاق رکھیں اور اپنی ذمہ داریوں کو انجام دیتے ہوئے انسانی زندگیوں کو بچائیں‘‘۔ طبی خدمات لگاتار چوتھے روز بھی درہم برہم ہیں کیونکہ میڈیکل کالج کے ساتھ ساتھ ریاست بھر کے پرائیویٹ ڈاکٹرس بھی اس ہڑتال میں شامل ہوکر مطالبہ کررہے ہیں کہ جی ایس وی میڈیکل کالج کے 24 جونیر ڈاکٹروں کو رہا کیا جائے اور ایس ایس پی کانپور یشاشوی یادو اور سماج وادی پارٹی ایم ایل اے عرفان سولنکی کے خلاف کارروائی کریں ۔