یوپی کے تین اضلاع میں تشدد، امتناعی احکام نافذ

کانپور ؍ بلیا ؍ بہرائچ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے اضلاع کانپور، بلیا اور بہرائچ میں فرقہ وارانہ تشدد اور کشیدگی کے بعد امتناعی احکامات نافذ کردیئے گئے ہیں۔ ضلع بلیا کے سکندر پور ٹاؤن میں دو دن قبل جہاں فرقہ وارانہ جھڑپ ہوگئی تھی آج پھر چند اشرار نے مخصوص طبقہ کے مکانات کو نشانہ بنایا اور غنڈہ گردی کی۔ حکام نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ہفتے کو یہاں دو فرقوں کے افراد میں جھڑپ کے بعد تقریباً نصف درجن افراد زخمی ہوئے۔ کانپور میں بھی کلیان پور اور جوہی پولیس اسٹیشن حدود میں فرقہ وارانہ تشدد کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردیا گیا اور 4 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر کل محرم جلوس کے دوران پرم پروا علاقہ میں جھڑپ کے نتیجہ میں 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعہ کی مجسٹریل تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ بہرائچ کے گلابیر علاقہ میں بھی پیش آئے تشدد کے بعد امتناعی احکام نافذ کردیئے گئے جس میں ایک پولیس بوتھ، ایک اے ٹی ایم اور دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔