گونڈا۔ 21 اگست(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں گونڈا میں بچوں کے گھر سے تین بچوں کے فرار ہونے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع افسر کیپٹن پربھانشو شریواستو نے تین ملازمین کو معطل کردیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق پیر کی صبح بچوں کے گھر میں بند تین بچے تالا کھول کر فرار ہوگئے ۔ اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع افسر کے حکم پر ڈیوٹی میں لاپروائی برتنے کی پاداش میں ضلع پروبیشن افسر جے دیپ سنگھ نے بچون کے گھر کے سپرنٹنڈنٹ کے کے اوستھی، چوکیدار راج کمار اور کیئر ٹیکر گنیش دت مشرا کو فوری طور پر عہدے سے معطل کردیا۔معاملے کی جانچ سٹی مجسٹریٹ ایس کے پرجاپتی کو سونپی گئی ہے ۔ پولیس فرار بچوں کو تلاش کررہی ہے ۔ واضح رہے کہ بچوں کے گھر میں 30 بچوں کے رکھنے کی صلاحیت ہے جبکہ اس میں 52 بچے بند ہیں۔ فرار بچوں میں ایک بلرام پور جبکہ دو گونڈا کے رہنے والے ہیں۔