یوپی میں پٹرول پمپ مالکین کی ہڑتال

حکومتی مہم کیخلاف احتجاج ، حکام کیساتھ میٹنگ کے بعد ہڑتال ختم
لکھنو ۔ 2 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش اسپیشل ٹاسک فورس ( ایس ٹی ایف) کی ریاست بھر میں مختلف نوعیت کی اُلٹ پھیر میں ملوث رہنے والے پٹرول پمپ مراـکز کے خلاف جاری مہم کے درمیان اُن کے مالکین نے یہاں بطور احتجاج ہڑتال کرتے ہوئے حکومتی اقدام کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ بعد میں لکھنو ضلع نظم و نسق کے عہدیداروں نے پٹرول پمپ مالکین کو ایک میٹنگ میں یقین دہانی کرائی کہ جو بھی دیانتداری سے بزنس چلارہے ہیں اُنھیں کسی کارروائی سے خوف کھانے کی ضرورت نہیں ، جس پر ہڑتال ختم کردی گئی ۔ اُترپردیش میں کئی پٹرول پمپس کو ایس ٹی ایف کے عہدیداروں نے الکٹرانک چپس اور ریموٹ کنٹرول آلات استعمال کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی صارفین کو کم مقدار دیتے ہوئے پکڑا تھا ۔ چنانچہ کئی پٹرول پمپس کو یہاں مہربند کیا گیا جن میں یوپی پٹرول پمپ ڈیلرس اسوسی ایشن کے صدر بی این شکلا کی ملکیت والا پٹرول پمپ شامل ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (سیول سپلائیز) الکا ورما نے میٹنگ کے بعد نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم نے پٹرول پمپ اونرس کو تیقن دیا کہ اگر وہ دیانتداری سے اپنا کاروبار چلارہے ہیں تو کسی کارروائی سے انھیں خوف کھانے کی ضرورت نہیں ، چنانچہ انھوں نے اپنی ہڑتال ختم کردی۔ پٹرول پمپ مالکین کے وفد نے بعد میں ڈپٹی چیف منسٹر دنیش شرما سے بھی ملاقات کی ۔