یوپی میں مودی کا اب تک کا سب سے بڑا جلسہ عام

ورکھپور 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شہر کے مضافات میں کل نریندر مودی کا اب تک کا سب سے بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ یہ جلسہ عام اِن تمام عام جلسوں سے بھی بڑا ہوگا جن سے یوپی میں پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار خطاب کرچکے ہیں۔ یوپی بی جے پی کے صدر لکشمی کانت واجپائی نے کہاکہ اِس جلسہ کی راست آڈیو اور ویڈیو نمائش 37 ممالک میں کی جائے گی۔ جلسہ عام کے لئے بے عیب صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کی خصوصی ٹیم گجرات سے طلب کرکے تعینات کی گئی ہے۔ بی جے پی کے اعلیٰ قائدین کی آج سے ہی آمد شروع ہوگئی ہے۔ یہ جلسہ عام منبیلا گراؤنڈ پر منعقد کیا جائے گا جو شہر سے 20 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ ریاستی بی جے پی کے صدر نے کہاکہ یہ یوپی میں منعقدہ مودی کے تمام جلسوں سے بڑا جلسہ ہوگا۔

اِس جلسہ عام میں خاص طور پر مشرقی یوپی کی نمائندگی ہوگی جو 62 اسمبلی اور 13 لوک سبھا حلقوں پر مشتمل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فی الحال پارٹی کے اِس علاقہ سے صرف 3 لوک سبھا ارکان ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وجئے شنکھ ناد جلسہ عام مشرقی یوپی میں بی جے پی کی انتخابی مہم کا اعلان کرے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ مشرقی یوپی کے مسائل جیسے گنوں کے بقایا جات، بنارسی ساڑی، بافندوں کے مسائل جو اعظم گڑھ کے متوطن ہیں اور گورکھپور میں پھیلنے والی وباء امکان ہے کہ مودی کی تقریر میں شامل ہوں گے، جلوس اور جلسے کے مقامی کنوینر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ بی جے پی یوپی کی تمام سیاسی پارٹیوں سے بہتر مظاہرہ کرے گی۔ بسوں، کاروں اور آٹو رکشاؤں کی پارکنگ کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ عام ٹریفک متاثر نہ ہوسکے۔ توقع ہے کہ نریندر مودی کل 10 بجے دن بذریعہ طیارہ گورکھپور پہونچیں گے۔