مزاحمت کرنے پر دلہن کو گولی مار دی
مظفر نگر۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مسلح ڈاکوؤں نے میرٹھ ضلع میں دہلی ۔ دہرہ دون قومی شاہراہ پر شادی کی ایک پارٹی کا راستہ روک کر دلہن کو گولی مارکر ہلاک کردیا اور لاکھوں روپئے مالیتی زیورات لوٹ لئے۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ یہ واقعہ کل رات میرٹھ کے دوران پولیس اسٹیشن ایریا کے تحت ماٹور گاؤں کے قریب پیش آیا اور کہا کہ اس حملے میں دلہا اور دیگر چار اشخاص زخمی ہوگئے۔ شادی کے یہ باراتی غازی آباد ڈسٹرکٹ میں شادی کی تقریب کے بعد اس ضلع کو واپس ہورہے تھے۔ 6 مسلح آدمیوں نے جو دو کاروں میں تھے، شادی کی اس پارٹی کا اس وقت راستہ روکا جب وہ واپس ہورہے تھے۔ ڈاکوؤں سے مزاحمت کرنے پر فرحانہ کو ہلاک کردیا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منجیل سائنی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیت کے زیورات اور ایک کار کو لوٹ لیا گیا۔ سائنی نے کہا کہ پولیس نے اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو گرفتار کرنے کیلئے تلاشی مہم شروع کردی ہے اور کہا کہ دلہن کو فوری مظفر نگر میڈیکل کالج لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔