یوپی میں فرقہ وارانہ تشدد کے بعد 13 گرفتاریاں، 3 ملازمین پولیس معطل

گونڈہ (یوپی) 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کل کوتوالی کے علاقہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے سلسلہ میں 13 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 3 ملازمین پولیس کو معطل کردیا گیا ہے۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر کوڈیا الوک دوبے نے کہاکہ اسٹیشن انچارج بڈگاؤں ڈگ وجئے ناتھ شاہی اور ہیڈ کانسٹبل رمیش رائے کو فرائض سے لاپرواہی برتنے کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ اجئے کمار اپادھیائے نے کہاکہ دونوں فرقوں کے 13 افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ تمام اسکولس اور کالجس احتیاطی اقدام کے طور پر آج بند کردیئے گئے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہاکہ تشدد کی وجہ سے ہونے والے نقصانات اور متاثرہ افراد کو امداد کے سلسلہ میں تخمینہ کیا جارہا ہے۔ کشیدگی اُس وقت پیدا ہوگئی جبکہ 2 فرقوں کے ارکان میں ایک مذہبی جلوس کے موقع پر کل جھڑپ ہوگئی۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جبکہ مذہبی جلوس پر مبینہ طور پر ایک عبادت گاہ سے سنگباری کی گئی۔ یہ واقعہ اترولا روڈ پر پیش آیا۔ اس کے بعد دوسرے فرقہ کے کئی افراد تشدد میں ملوث ہوگئے اور ایک دوکان نذر آتش کردی۔ دونوں فرقوں کے ارکان میں جھڑپ ہوگئی اور ایکتا سہ راہا پر چوک کے علاقہ میں ایک دوسرے پر سنگباری کی گئی۔ سرکل آفیسر اور سٹی مجسٹریٹ نے اِن افراد کا تعاقب کرکے اُنھیں منتشر کردیا۔ پولیس کے بموجب صورتحال قابو سے باہر ہوگئی تھی۔ اِس علاقہ میں بھی بعض دوکانوں کو نذر آتش کردیا گیا۔