یوپی میں تیز رفتار ٹرک نے ٹرالی کو روند ڈالا ، 19ہلاک

ایٹاہ،13 جون (سیاست ڈاٹ کام) تیز رفتار ٹرک کے دو ٹریکٹر ٹرالیز سے تصادم کے نتیجہ میں 19 مسافرین بشمول دو خواتین اور پانچ بچے ہلاک اور تقریباً 30 زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ ملاون علاقہ میں پیش آیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس آر پی گپتا نے بتایا کہ دو گاڑیاں نہر کی طرف جارہی تھیں جہاں پورا دیہات میں بھگوت پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تیز رفتار ٹرک نے ایک ٹریکٹر ٹرالی کو ہرچندر پور گاؤں کے قریب ٹکر دے دی اور اسے روند ڈالا۔ یہ ٹرک اس قدر شدید تھی کہ اس کے اثر سے ٹرالی سامنے جاری دوسری ٹریکٹر ٹرالی پر چڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ 17 مسافرین برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ ان میں پانچ بچے اور 12 خواتین بھی شامل ہیں۔ تقریباً 30 زخمیوں کو ایٹاہ، علیگڑھ اور آگرہ کے مختلف ہاسپٹلس میں شریک کرایا گیا ہے۔ چیف منسٹر اُترپردیش اکھیلیش یادو نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثاء کو فی کس 2 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپئے مالی مدد کا اعلان کیا۔ انہوں نے زخمیوں کو مفت طبی علاج کی سہولت بہم پہونچانے کی بھی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس دوران مقامی عوام نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ہرچند پور علاقہ کے قریب سڑک پر رکاوٹ کھڑی کردی۔ انہوں نے پولیس، ایڈمنسٹریٹیو آفیسر اور راہ گزرنے والی گاڑیوں پر سنگباری کی۔
ساکشی مہاراج کی پھر اشتعال انگیزی
اُناؤ ، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) یو پی کے وزیر محمد اعظم خان جنھوں نے یوگی ادتیہ ناتھ کو نماز پڑھنے کا مشورہ دیا، انھیں ہدف تنقید بناتے ہوئے متنازعہ بی جے پی ایم پی ساکشی مہاراج نے آج سینئر ایس پی لیڈر کو ’جئے شری رام‘ بولنے کا چیلنج پیش کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے یہاں ایک خانگی تقریب کے موقع پر کہا، ’’اعظم وہ شخص ہے جو کبھی سچ نہیں بولتا۔ وہ یوگی ادتیہ ناتھ کو نماز پڑھنے کا مشورہ دے رہا ہے۔ وہ صرف مسلمانوں کو گمراہ کررہا ہے۔‘‘