یوپی میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر انتخابی مقابلہ کرے گی

آسام میں شاندار کامیابی کے بعد ساری توجہ یو پی پر مرکوز ‘ مرکزی وزیر شرما کا بیان
نئی دہلی ۔29مئی ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اترپردیش میں اپنے بل بوتے پر اسمبلی انتخابات کا مقابلہ کرے گی ۔ مرکزی وزیر مہیش شرما نے کہا کہ بی جے پی کو اترپردیش میں کامیابی کیلئے ساری توانائی جھونک دینی ہوگی ۔ ریاست میں 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے اہم رول ادا کرنے والے مہیش شرما نے یہ بھی کہا کہ آسام میں شاندار کامیابی کے بعد اب بی جے پی اپنی تمام تر یو پی کی جانب مرکوز کررہی ہے ۔ آئندہ سال یو پی میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ شرما نے کہا کہ پارٹی قائدین نے یو پی کے انتخابات کو اہمیت دی ہے اور اس جانب ساری توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔پارٹی کے اہم قائدین کو یو پی کے انتخابات کی تیاریوں کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ مہیش شرما جنہیں لوک سبھا انتخابات کے دوران پارٹی کے حق میں سخت محنت کرنے کے عوض کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ‘ کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ترقی ‘ بہتر حکمرانی اور کرپشن کے خاتمہ جیسے اہم موضوعات کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ البتہ اس مرتبہ رام مندر موضوع کو نہیں چھیڑا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رام مندر کو سیاسی مسئلہ بنانا نہیں چاہتی ۔ رام مندر کی تعمیر اس ملک کے لاکھوں عوام کی عقیدہ کا معاملہ ہے ہم اس کو سیاسی موضوع بنانا نہیں چاہتے ۔ یہ ہمارا سیاسی ایجنڈہ نہیں ہے لیکن اس ملک کے عوام ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے خواہاں ہیں ۔ ہم اس مندر کو اتفاق رائے یا پھر عدالت کے فیصلہ پر بنانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یو پی میں بی جے پی کو 403 رکنی اسمبلی میں 265نشستوں پر کامیابی ملے گی ۔ ہم ان انتخابات کے لئے کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں کریں گے چاہے وہ لوک دل ہو یا کوئی اور پارٹی سے ہمارا اتحاد نہیں ہوگا ۔ بی جے پی مسلسل اپنی کامیابی کا ریکارڈ درج کرا رہی ہے ۔ یو پی میں 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی کو 80کے منجملہ 71لوک سبھا حلوں میں کامیابی ملی تھی ۔