اوم پرکاش چالیسہ کا پاٹھ، ہفتہ میں ایک مرتبہ مورتی کی پوجا
نئی دہلی۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ایک وزیر اور سہلادیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر کے حامیوں نے موضع دھرم پورہ میں ان کے ساتھ ’’بھگوان‘‘ جیسا سلوک کیا اور اس سیاستدان نے اس پر کسی توجہ کے بغیر کوئی پرواہ نہیں کیا۔ سکھ پورہ علاقہ میں راج بھر کے حامیوں نے اپنے گھروں میں ان (راج بھر) کی تصاویر رکھتے ہوئے ان کے اعزاز میں ’’اوم پرکاش چالیسہ‘‘ کا پاٹھ کیا۔ ان کے حامیوں نے کہا کہ وہ اس موضع کے کالی مندر میں ہفتہ میں ایک مرتبہ جمع ہوا کرتے ہیں اور ان (راج بھر) کی مورتی رکھ کر یہ پرارتھنا کرتے ہیں کہ وہ چیف منسٹر بن جائیں۔ اس سوال پر کہ آیا وہ یہ سب کچھ کیوں کرتے ہیں۔ ایک دیہاتی خاتون سگری دیوی نے کہا کہ ’’وہ غریبوں کیلئے دیوتا ہیں اور حقیقی خیرخواہ ہیں‘‘۔ ایک اور دیہاتی خاتون اجنت دیوی نے کہاکہ ’’اوم پرکاش سب کی مدد کرتے ہیں۔ شراب پر امتناع کی تائید کرتے ہیں۔ میری خواہش ہیکہ وہ چیف منسٹر بن جائیں‘‘۔ دیہاتیوں کے اس عمل کے بارے میں ایک سوال پر راج بھر نے بڑی سادگی کے ساتھ جواب دیا کہ ’’اس میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ جو شخص غریبوں کیلئے کچھ کرتا ہے تو ان کی نظر میں بھگوان بن جاتا ہے‘‘۔ راج بھر کی پارٹی اس ریاست میں حکمراں بی جے پی کی حلیف ہے۔