یوپی : زہریلی شراب سے 12 ہلاک، 20 بیمار

سیاسی سازش کا آدتیہ ناتھ کا الزام ، اعلیٰ سطحی تحقیقات کے احکام
بارہ بنکی (یوپی) ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بارہ بنکی میں زہریلی شراب استعمال کرنے سے 12افراد ہلاک اور دیگر 20 بیمار ہوگئے۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے اس واقعہ کی تمام پہلوؤں سے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے جن میں سیاسی سازش کا پہلو بھی شامل ہے جس کا انہوں نے الزام عائد کیا ہے۔ ایک ہی خاندان کے 4 افراد نے کہا کہ یہ واقعہ اتوار کی رات پیش آیا۔ وہ بھی اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے رشتہ دار ہیں۔ عہدیداروں نے ایکسائز محکمہ کے 10 عہدیداروں اور 2 پولیس عہدیداروں کو معطل کردیا۔ چیف منسٹر یوپی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہر مہلوک کے وارث کو 2 لاکھ روپئے کا ایکس گریشیا کا اعلان کیا اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کی رپورٹ اندرون 48 گھنٹے حکومت یوپی کو پیش کرنے کی ہدایت دی۔ مقامی افراد جو رانی گنج اور قریبی دیہاتوں کے متوطن ہیں، رام نگر علاقہ کی ایک شراب کی دکان سے اسے خرید کر اتوار کی رات استعمال کرنے میں ملوث ہیں۔ بعدازاں انہیں رام نگر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا۔ اگلے دن صبح ان کی حالت ابتر ہونے پر ان میں سے 16 کو کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی ہاسپٹل لکھنؤ اور دیگر 6 کو بلرام پور کے رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہیں۔ کابینی وزیر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ ہر ممکن طبی امداد جو علاج کیلئے ضروری ہو، ہسپتالوں کی جانب سے فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ یوپی کے وزیر آبکاری جئے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ایکسائز کمشنر جوائنٹ آف ڈپٹی کمشنر مقام واردات پر پہنچ گئے معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی ایکسائز آفیسر بارہ بنکی شیونارائن دوبے، ایکسائز انسپکٹر رام تیرتھ موریا دیگر 3 ہیڈکانسٹیبلس اور محکمہ ایکسائز کے 5 کانسٹیبلس کو فوری معطل کردیا گیا۔