میرٹھ زون میں سب سے زیادہ 569 انکاؤنٹرس، بریلی میں 253 اور چیف منسٹر یوگی کے آبائی مقام گورکھپور میں 51 مڈبھیڑ
لکھنؤ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فرضی انکاؤنٹرس کے تعلق سے اپوزیشن کے الزامات سے بے پرواہ اترپردیش پولیس نے یوگی ادتیہ ناتھ کی رہنمائی میں گزشتہ ایک سال میں زائداز 1400 انکاؤنٹرس میں 50 خطرناک مجرمین کو ہلاک کردیا ہے، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ اُنھوں نے بتایا کہ انکاؤنٹر میں کسی مجرم کی ہلاکت کا 50 واں معاملہ 3 مئی کو پیش آیا جبکہ یہ سلسلہ گزشتہ مارچ بی جے پی حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد شروع ہوا تھا۔ بدنام زمانہ مجرم ریحان کو ضلع مظفر نگر میں گولی مار دی گئی۔ اُس کے سر پر 50 ہزار روپئے کا انعام تھا۔ پولیس عہدیداروں نے کہاکہ مکین کالا گینگ کا سرگرم کارکن ریحان اپنے خلاف 15 سنگین فوجداری معاملوں میں ملوث تھا۔ گزشتہ سال کے دوران مارچ تک کے اعداد و شمار کے مطابق 50 مجرمین ہلاک کئے گئے اور دیگر 390 زخمی ہوئے جبکہ 3435 ہسٹری شیٹرس کو انکاؤنٹرس کے بعد سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔ 4 پولیس ملازمین ان لڑائیوں میں ہلاک ہوئے اور 308 زخمی ہوئے۔ سرکاری ڈیٹا کے مطابق ادتیہ ناتھ حکومت قائم ہونے کے بعد سے ریاست میں 20 مارچ 2017 ء اور 25 مارچ 2018 ء کے درمیان 1478 پولیس انکاؤنٹرس پیش آئے ہیں۔ سب سے زیادہ تعداد میرٹھ زون کی ہے جہاں 569 انکاؤنٹرس ہوئے جس کے بعد بریلی زون 253 انکاؤنٹرس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اِس فہرست میں تیسرے نمبر پر آگرہ زون ہے جہاں 241 انکاؤنٹرس ہوئے اور پھر کانپور زون میں 112 انکاؤنٹرس کئے گئے۔ ادتیہ ناتھ کے آبائی مقام گورکھپور میں 51 انکاؤنٹرس ہوئے ہیں۔ پولیس نے 188 مجرمین کے خلاف سخت قانون قومی سلامتی کا استعمال کیا اور زائداز 150 کروڑ روپئے مالیت کے اثاثہ جات ضبط کرلئے۔ این ایس اے کے تحت کسی شخص کو گرفتار کیا جاسکتا ہے جس کی ضمانت نہیں ہوتی اور ٹرائل کے بغیر کارروائی کی جاسکتی ہے۔ حکام کو اگر یقین ہوکہ محروسین مملکت / ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ بننے والی یا پھر امن عامہ کی برقراری میں خلل ڈالنے والی کوئی حرکت کرسکتے ہیں تو وہ محروسی کی بنیادوں کا انکشاف کئے بغیر اُنھیں حراست میں لے سکتے ہیں۔ اِس مدت کے دوران گینگسٹرس ایکٹ کا استعمال 1455 افراد کے خلاف کیا گیا اور 4881 مجرمین گرفتار کئے گئے۔ مہلوکین میں بلراج بھٹی جس کے سر پر 2.5 لاکھ کا انعام تھا، نوئیڈا میں ہلاک کیا گیا، شراون (ایک لاکھ روپئے انعام) بھی نوئیڈا میں اور بگا سنگھ (ایک لاکھ روپئے انعام) کھیری میں ہلاک کیا گیا۔ ان کے علاوہ اعظم گڑھ میں مکیش کمار راج بھر ، ہاپور میں موہن پاسی، مظفر نگر میں فرقان اور شمیم، شاملی میں صابر اور اکبر، میرٹھ میں نور محمد ، نوئیڈا میں سمیت گرجر اور اسلم، علیگڑھ میں وکاس اور رام جنی نیز بلند شہر میں سونو کمار کو گولی مار دی گئی۔ ان تمام کی گرفتاری پر 50 ہزار روپئے کا انعام تھا۔ پولیس نے کہاکہ اِن تمام انکاؤنٹرس میں مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقات جاری ہے۔ تاہم اپوزیشن مطمئن نہیں ہے کہ یہ جرائم کے خلاف واجبی کارروائی ہوئی۔