لکھنؤ۔/29جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج ہنگامہ خیز آغاز ہوا جبکہ اپوزیشن ارکان نے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے گورنر رام نائیک کے خطاب کو شور وغل کرتے ہوئے درہم برہم کردیا۔ بہوجن سماج پارٹی کی زیر قیادت اپوزیشن ارکان پوسٹرس لہرائے اور حکومت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے’’ گورنر واپس جاؤ ‘‘ کا مطالبہ کیا اور کانگریس ارکان نے ایوان کے وسط میں بیانرس کے ساتھ مظاہرہ کیا جس میں بعض ارکان نے راہول گاندھی کی تصویر والی ٹوپیاں لگائی تھیں۔ شوروغل اور ہنگامہ آرائی کے دوران گورنر نے اپنی تقریر مختصر کردی اور خطبہ کا مسودہ ارکان کی میزوں پر رکھ دیا گیا۔ تاہم بی جے پی ارکان گورنر کے خطاب کے دوران خاموشی کے ساتھ بیٹھے رہے۔ گورنر جیسے ہی خطاب کیلئے کھڑے ہوگئے بی ایس پی ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر ’’ راج پال واپس جاؤ‘‘ کے نعرے بلند کئے جس کے بعد کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل کے ارکان جو احتجاج میں شامل ہوگئے جوکہ حکومت مخالف بیانرس تھامے ہوئے تھے۔ گورنر نے شور وغل اور نعرہ بازی کے باعث اپنا خطاب درمیان میں ہی روک دیا۔