اچھے رینک پر کم فیس کی وصولی ، وائس چانسلر ڈاکٹر بی وشواناتھ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مسٹر جی وشواناتھ وائس چانسلر وی آئی ٹی یونیورسٹی بنگلور کے بموجب وی آئی ٹی انٹرنس امتحان میں شرکت کے لیے 1.9 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں ہیں ۔ وی آئی ٹی یونیورسٹی کا انجینئرنگ امتحان برائے بی ٹیک پروگرام 8 تا 19 اپریل منعقد ہوگا ۔ ادخال درخواست کی آخری تاریخ 27 فروری سے بڑھاکر 15 مارچ مقرر کی گئی ہے ۔ یونیورسٹی ہذا نے بی ٹیک کے تحت مختلف مضامین جیسے بائیوٹیک ، بائیو مڈ ، سیول کیمیکل ، ای سی ای ، ای ای ای ، میکانیکل اور دیگر کورسیس شامل ہیں ۔ خواہش مند امیدوار ویب سائٹ vit.ac.in پر آن لائن اور آف لائن داخل کرسکتے ہیں ۔ جس کے لیے 990 روپیوں کا ڈیمانڈ ڈرافٹ جو کہ بحق وی آئی ٹی یونیورسٹی کے نام ہونا چاہئے داخل کرنا ہوگا ۔ درخواستیں پوسٹ آفسوں سے بھی ڈی ڈی کے ذریعہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر جی وشواناتھ نے آج یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے امتحانی شیڈول کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 9 اور 20 اپریل کو امتحانات دبئی ، کویت اور ہندوستان کے 112 مراکز میں ہوں گے ۔ جب کہ نتائج کا اعلان 28 اپریل سے قبل کردیا جائے گا ۔ انہوں نے پلیسمنٹ سے متعلق بتایا کہ 3,031 امیدواروں نے اب تک اعظم ترین تنخواہ سالانہ 16 لاکھ روپیوں کی ملازمتیں حاصل کیں ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ آندھرا پردیش سے 37 ہزار 298 جس میں 29 ہزار 606 لڑکیاں شامل ہیں نے رجسٹریشن کروایا ہے جب کہ اترپردیش سے 28 ہزار 337 ، بہار سے 18 ہزار 861 ، مہاراشٹرا سے 14 ہزار 801 ، راجستھان سے 12 ہزار 839 اور تمل ناڈو سے 12 ہزار 555 امیدواروں نے رجسٹریشن کروایا ہے ۔ حیدرآباد سے 13 ہزار 983 ، دہلی سے 13 ہزار 270 اور کوٹہ سے 10 ہزار 461 اور پٹنہ سے 9 ہزار 669 ، وجئے واڑہ سے 8 ہزار 913 ، چنائی سے 5 ہزار 844 اور ویلور سے 2 ہزار 301 امیدواروں نے رجسٹریشن کروایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فیس امیدواروں کی رینک کے بنیاد پر وصول کی جائے گی ۔ اعلیٰ رینک والے طلبہ سے کم فیس لی جائے گی ۔۔