یونیورسٹیوں میں جعلی ڈگری اسکام کی جانچ

جئے پور 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) جو دھپور میں ایک خانگی یونیورسٹی میں جعلی ڈگری اسکام کے منظر عام پر آنے کے بعد ریاستی حکومت نے آج کہا کہ وہ تمام یونیورسٹیوں خاص کر خانگی یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے کیلئے ایک ریگولیٹری کمیشن قائم کرے گی۔ جودھپور نیشنل یونیورسٹی میں جعلی ڈگری اسکام کے مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کانگریس رکن اسمبلی گویند سنگھ دو تستر کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر تعلیم راجستھان کے سی سراف نے کہا کہ ایک بل تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت ریاستی ریگولیٹری کمیشن تشکیل دیا جائے گا اور اس بل کو جاریہ اسمبلی سیشن میں پیش کیا جائے گا۔ اس کا مسودہ تقریبا مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسکام کی تحقیقات میں حائل رکاوٹوں سے خوش نہیں ہیں اوریہ کہ اس کی مزید تحقیقات کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔