وائس چانسلرس کو اے پی چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( آئی این این) : آندھرا پردیش کو دنیا کے نقشہ میں ایک نالج سوسائٹی کے طور پر مقام دلانے کے لیے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اسٹیٹ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کو ہدایت دی کہ ان کے کیمپس کو اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس میں تبدیل کریں ۔ انہوں نے وجئے واڑہ میں وائس چانسلر کے ساتھ اس سلسلہ میں بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کو ایجادات ، اختراعی نظریات اور نالج کے مراکز ہونا چاہئے ۔ انہوں نے وائس چانسلرس سے کہا کہ یونیورسٹیز کی شان کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے صحیح اقدامات کریں جو ماضی میں ناخوشگوار واقعات کے باعث بدنام ہوئی ہیں ۔انہوں نے حکومت کے اقدامات جیسے ندیوں کو مربوط کرنے اور ریاست کو خشک سالی سے بچانے پر مباحث منعقد کرنے کا مشورہ دیا اور حکومت کو مناسب تجاویز پیش کرنے کے لیے کہا ۔ یہ کہتے ہوئے کہ مستقبل کے قائدین اور ینگ انٹرپرینیرس یونیورسٹی کیمپس میں تیار ہوتے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یونیورسٹیز کو ایک تعمیری انداز اپنانا چاہئے تاکہ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے ۔ اس دوران چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے صنعت کاروں کو یونیورسٹیز سینیٹس کے ممبرس کے طور پر مقرر کیا ہے تاکہ طلبہ کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ کے لیے مواقع فراہم کرنے میں مدد ہو ۔۔