یونیورسٹیز میں ایجوگرڈ پراجکٹ پر عمل آوری ، 20 مئی کو قطعیت ، یونیورسٹیز سے مشاورت ، سمیتا دارا سکریٹری ہائیر ایجوکیشن کا خطاب

حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی و کمیونیکیشن کے ایجوگرڈ پراجکٹ نے ریاست کی تمام یونیورسٹیز میں ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام فراہم کرنے کی تیاری کرلیا ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ اعلیٰ تعلیم نے حکومت کے اس پراجکٹ سے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کو قطعیت دینے میں مصروف ہوگیا ہے ۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ذرائع کے بموجب پروگرام کے تحت طلبہ کی حاضری ، گریڈنگ پروفائیل ، اسنیمنٹس اور دیگر امور کا بھی احاطہ کیا جائے گا ۔ اس پروگرام کے تحت روزگار کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مقامی صنعتوں کے علاوہ تعلیمی ادارہ جات سے بھی منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ آن لائن اوپن کورسیس کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ پہلے مرحلہ کے تحت آئندہ تین مہینوں میں آندھرا یونیورسٹی ، جے این ٹی یو ( کاکیناڈا ) ، جے این ٹی یو ( اننت پور ) ، سری وینکٹیشورا یونیورسٹی ، ناگرجنا یونیورسٹی اور راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹکنالوجی ( آر جی یو کے ٹی ) نوزویڈو اور ایڈوپولا پایا میں اسطرح کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ اس پر عمل آوری کے لیے انٹر یونیورسٹی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جارہی ہے تاکہ منصوبہ پر عمل آوری ثابت ہوسکے ۔ اس سلسلہ میں شریمتی سمیتا دارا سکریٹری ہائیر ایجوکیشن کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں مسٹر جے ستیہ نارائنا آئی ٹی اڈوائزر و پروفیسر وینوگوپال ریڈی چیرمین اے پی ایس سی ایچ دی کے علاوہ وائس چانسلرس اور جائنٹ ورکنگ کمیٹیز کے ارکان نے شرکت کی ۔ دوران اجلاس آندھرا یونیورسٹی نے اسمارٹ کیمپس پر عمل کا منصوبہ جب کہ سری وینکٹیشورا یونیورسٹی نے اپ گریڈیشن کے طریقہ کار پر مدلل مباحث میں حصہ لیا ۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے صنعتوں سے اشتراک جب کہ راجیو گاندھی یونیورسٹی آف نالج ٹکنالوجیز نے اپرنٹس شپ پروگرام اور دیگر امور کا احاطہ کیا ۔ اس کے علاوہ وائس چانسلر سے بھی رائے مشورے حاصل کئے گئے ۔ اس موقع پر شریمتی سندھیا چنتالہ وائس پریسیڈنٹ سنکام و رکن جائنٹ ورکنگ کمیٹی نے اپنی جانب سے بھر پور تعاون کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ ای لرننگ کو فروغ دینے کے لیے اس سے تعلق رکھنے والے کورسیس کو فروغ دیں تاکہ طلبہ میں آئی ٹی کی مہارت پیدا ہوسکے ۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ منصوبہ پر عمل آوری سے متعلق 20 مئی کو جائنٹ ورکنگ کمیٹیز اور وائس چانسلرس کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ جس میں پروگرام کو قطعیت دینے کے ساتھ ساتھ آئندہ تعلیمی سال سے اس پر عمل آوری پر غور و خوص کیا جائیگا ۔۔