ماسکو، 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ نے مشاہدین کو یونگ بیون میں نیوکلیئر تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے کاخیال ظاہر کیا ہے ۔جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونھاپ نے سفارتی ذرائع کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔ مسٹر کم نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو لکھے ایک مکتوب میں اس فیصلہ کا اعلان کیا جسے ستمبر میں جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے انہیں سونپا تھا۔اس بات چیت سے منسلک ذرائع کے مطابق پیانگ یانگ میں ہونے والے اجلاس کے دوران کم جونگ نے کہا تھا کہ اگر امریکہ ضروری اقدامات کرتا ہے تو وہ نہ صرف یونگ بیون میں ایٹمی پلانٹ کو بند کر دیں گے بلکہ مشاہدین کو اس کا معائنہ کرنے کی بھی اجازت دے گا۔اس سال مسٹر کم کے مسٹر ٹرمپ اور مسٹر جے ان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کے بعد جزیرہ نما کوریا کے حالات میں بہت بہتری آئی ہے ۔غور طلب ہے کہ سنگاپور میں اس سال 12 جون کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ کے درمیان ہونے والی تاریخی چوٹی کانفرنس کے دوران شمالی کوریا نے امریکہ کے ساتھ ایک تاریخی سمجھوتہ کرکے جزیرہ نما کوریا سے جوہری ہتھیار ختم کرنے کی سمت میں کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان امن اور خوشحالی کے عزم کا اظہار کیا تھا۔