ایتھنز ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مالی بحران سے دوچار یونان میں تین ہفتوں کے لیے بند رہنے والے بینکس آج پیر کی صبح کھل گئے ہیں۔یونان اور اس کے قرض خواہوں کے درمیان مذاکرات میں مشکلات کی وجہ سے ملک کے بینکس بند کر دیے گئے تھے اور صارفین پر اے ٹی ایم مشینوں سے پیسے نکالنے پر مختلف شرائط لاگو کر دی گئی تھیں۔ گذشتہ ہفتے یونانی حکومت اور اس کے بین الاقوامی قرض خواہوں کے درمیان معاہدہ طے پا گیا تھا جس کی وجہ سے یونان کو یورو زون سے خارج نہیں ہونا پڑا۔معاہدے کے تحت یونانی حکومت کو مزید قرضے کے لیے ملک میں اصلاحات کرنا ہوں گی۔ اگرچہ پیر کی صبح بینکس کھول دیے گئے ہیں تاہم اب بھی بہت سی پابندیاں قائم رہیں گی۔ اس کے علاوہ ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ادھر جرمنی کا کہنا ہے کہ وہ یونان کو دیے گئے قرضے میں رعایت پر غور کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اس میں کمی نہیں کی جا سکتی، صرف واپسی کی شرائط جیسے معاملات پر بات ہو سکتی ہے۔