یونان کی آئی ایم ایف کو 2 ارب یوروز کی ادائیگی

ایتھنز ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (ائی ایم ایف) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یونان نے دوارب پانچ کروڑ یوروز کا زائد المیعاد قرض ادا کر دیا ہے اور اب اس کے کوئی بقایاجات نہیں ۔اس کے علاوہ یورپی مرکزی بینک (ای سی بی) کو پیر کو 4.02 ارب یوروز ادا کر دیے گئے ہیں۔یہ ادائیگی یورپی یونین سے سات ارب یورو ’وقتی‘ قرض ملنے کے بعد کی گئی ہے۔مالی بحران سے دوچار یونان جون میں اور پھر اس کے بعد جاریہ مہینے کے آغاز میں آئی ایم ایف کے بقایاجات ادا میں ناکام رہا تھا۔آئی ایم ایف کے ترجمان گیری رائس نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ یونان نے واجب الادا رقوم ادا کر دی ہیں۔انھوں نے کہا: جیسا کہ ہم نے کہا تھا فنڈ یونان کے دوبارہ مالی استحکام کے لیے معاونت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری جانب تین ہفتے بند رہنے کے بعد یونان کے بینک پیر کو کھل گئے تھے۔واضح رہے کہ یونان اور اس کے قرض خواہوں کے درمیان مذاکرات میں مشکلات کی وجہ سے ملک کے بینک بند کر دیے گئے تھے اور صارفین پر اے ٹی ایم مشینوں سے پیسے نکالنے پر مختلف شرائط لاگو کر دی گئی تھیں۔