یونان میں تازہ ترین جنگل کی آگ میں ہلاکتوں کی تعداد 79

اتھینز ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یونان کے آتش فرو محکمہ نے کہا کہ تازہ ترین جنگل کی آگ میں جو ایتھنز کے قریبی جنگل میں بھڑک اٹھی تھی، ہلاکتوں کی تعداد آج 79 ہوگئی۔ ترجمان اسٹاورولا ملیری نے کہا کہ بچاؤ ارکان عملہ شمال مشرقی اتھینز کے علاقہ کی تلاشی لے رہے ہیں جو آتشزدگی سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ارکان عملہ گھر گھر جاکر جھلس کر خاکستر ہوجانے والی کاروں کے بارے میں معلومات جمع کررہے ہیں اور ساحلی علاقہ میں پہنچنے والے نقصانات کا سروے کررہے ہیں کہ ان میں کتنے سیاح اور کتنے مقامی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ملیری نے کہا کہ عہدیداروں نے کئی ٹیلیفون کال وصول کئے ہیں جن میں لوگوں کے لاپتہ ہوجانے کی شکایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھلس کر خاکستر ہونے والی نعشیں ناقابل شناخت ہوچکی ہیں اور یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ لاپتہ افراد بھی ہلاک ہوگئے ہوں گے۔