ایتھنس ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یونان میں داخلہ کی کوشش کرنے والے بیرونی تارکین وطن سے بھری دو کشتیاں مشرقی ایجیان سمندر میں غرق ہوگئیں جس کے نتیجہ میں 4 بچوں کے بشمول 22 افراد فوت ہوگئے دیگر کئی لاپتہ ہیں۔ یونان کے آبی حدود میں حالیہ برسوں کے دوران یہ انتہائی مہلک واقعہ ہے۔ یہ دونوں کشتیاں غیرقانونی طور پر یونان میں داخل ہونے کی کوشش کررہی تھیں کہ ترکی صحن کے قریب ساموس جزیرہ کے قریب غرق ہوگئیں۔ غرقابی کی وجہ کا فوری طور پر علم نہیں ہوسکا۔ رواں سال کے دوران تارکین وطن کی کشتی کی غرقابی کا یہ تیسرا مہلک واقعہ ہے۔ یونانی ساحلی گارڈس نے کہا کہ 36 افراد کو بچا لیا گیا جن میں 32 مرد، 3 خواتین اور ایک لڑکا شامل ہے۔ 23 کی شناخت سومالی 9 افراد کی شامی اور دیگر 3 افراد اریتھریائی شہریوں کی حیثیت کی گئی ہے۔